کراچی سمیت ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے

September 15, 2020


کراچی سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے سبب بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سے مرحلہ وار کھلنا شروع ہو گئے۔

ملک بھر میں جامعات اور کالجوں کے ساتھ ساتھ نویں اور دسویں جماعت کی کلاسوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

تعلیمی اداروں میں داخلے کے مقام پر طلبہ کے درمیان سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں، واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیے گئے ہیں، اس موقع پر اسپرے اور سینی ٹائز بھی کیا گیا۔

ملک بھر میں 23 ستمبر کو چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کلاسز اور 30 ستمبر سے پرائمری کلاسز بھی شروع ہو جائیں گی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج نویں ، دسویں تک سرکاری و نجی اسکول، مدارس، کالج اور جامعات کھل گئیں اور کورونا وائرس سے بچنے کی ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ تدریسی عمل کا آغاز ہو گیا۔

وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہائی اسکول سے جامعات تک کھولی جائیں گی، 22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کھولی جائیں گی، 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسز بھی بحال ہو جائیں گی۔

وزیرِتعلیم سندھ کے مطابق تعلیمی اداروں میں طلباء، اساتذہ اور عملے کے لیے سرجیکل یا کپڑے کا ماسک پہننا لازمی ہو گا، کسی بچے کو بخار یا کھانسی ہو تو اسے اسکول نہ بھیجا جائے، بچوں کو وقفے وقفے سےہاتھ بھی دھونے ہوں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایک دوسرے سے لنچ شیئر نہیں کرنا ہوگا، اساتذہ کو بچوں کو سماجی فاصلےکی ہدایت کرتے رہنا ہو گا۔

سندھ میں تعلیمی ادارے 200 دن بند رہنے کے بعد آج کھلے ہیں، کورونا وائرس کی وباء کے باعث سندھ میں تعلیمی ادارے 27 فروری کو بند کیئے گئے تھے۔

کراچی کے ایک نجی اسکول کی پرنسپل نے اس ضمن میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا کی ایس اوپیز کے مطابق مکمل انتظامات کیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات 10 بجے تک ہمارا اسٹاف کام کرتا رہا ہے، اسکول کے گیٹ کے اندر واک تھرو جراثیم کش گیٹ نصب کیا گیا ہے، بچوں میں سماجی فاصلہ رکھنے کے لیے نشان بنائے گئے ہیں، کوئی بچہ ماسک بھول جائے تو گیٹ پر ہی اسے ماسک دے دیا جائے گا جبکہ وہیں سینیٹائزر بھی رکھا گیا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھل گئے، 9 ویں جماعت سے اوپر تک کی کلاسوں میں تدریسی عمل شروع ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

تعلیمی اداروں کو کورونا ایس او پیز پر عمل کیلئے فنڈز دینے کا مطالبہ

NCOC اجلاس، تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کیلئے تبادلہ خیال

تعلیمی ادارے کھولنے پر نظرثانی کی جائے، ترجمان سندھ حکومت

پنجاب میں تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کے تحت کھولے جا رہے ہیں، چھوٹی بڑی کلاسوں کے طلبہ کو مرحلہ وار اسکول بلایا گیا ہے۔

پنجاب کے تعلیمی ادارے کورونا کیسز بڑھنے کے بعد 13 مارچ کو بند کر دیئے گئے تھے، 3 بار تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز زیرِ غور آئی تھی لیکن حتمی فیصلہ نہ ہو سکا تھا۔

صوبے میں کورونا کے دنوں کو گرمی کی چھٹیاں شمار کر کے جون تک تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا تھا، کورونا کیسز بڑھنے پر فیصلہ 15 اگست تک مؤخرکیا گیا جو بعد میں 15 ستمبر تک چلا گیا۔

کورونا ایس او پیز سے متعلق اساتذہ کو خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز کو روزانہ کی بنیاد پر ڈس انفیکیٹ کیا جائے گا۔

لاک ڈاؤن کے دوران بعض اداروں نے آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رکھا اور امتحانات بھی لیے، کامیاب امیدوار نئے سیمسٹرز میں تعلیم جاری رکھیں گے۔

کالجز اور یونیورسٹیز میں ڈگری پروگرامز کے طلبہ کو مرحلہ وار بلایا جائے گا، خصوصی بچوں کے تعلیمی ادارے صبح 8 سے 11 بجے تک کھلے رہیں گے۔