بھارت:3 منزلہ عمارت زمین بوس، 10 افراد ہلاک

September 21, 2020


بھارتی میں ممبئی سے متصل شہر بھیونڈی میں 3 منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 10 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح بھیونڈی میں گرنے والی عمارت کے ملبےسے 20 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا ، اس دوران عمارت میں رہائش پذیر افراد سو رہے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گرنے والی عمارت 1984ء میں تعمیر کی گئی تھی اور اس کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا جاچکا تھا جبکہ رہائش پذیر افراد کو عمارت خالی کرنے کے لیے نوٹس بھی جاری کیے ہوئے تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بلڈنگ میں 21 فیملیز آباد تھیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کے بعد کچھ خاندان بلڈنگ خالی کرکے چلے گئے تھے اور کچھ اسی میں رہائش پذیر تھے۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ ماہ ہوئی شدید بارشوں کے سبب عمارت مزید کمزور ہو گئی تھی۔