تبدیلی سرکار کا سیاسی انتقام نئی شکل اختیار کرگیا‘ صادق عمرانی

September 22, 2020

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کا جاری سیاسی انتقام دور جدید سے ہم آہنگ ہوکر ایک نئی شکل میں ڈھل رہا ہے کردار کشی اور میڈیا ٹرائل میں ناکامی کے بعد اب ایسے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جو جمہور کو شرما دینے کے مترادف ہیں۔ یہ جاننے کے بعد بھی کہ اس الٹی گنتی کی لپیٹ میں 68 سرکاری ترجمان بھی آسکتے ہیں اور اندھے جنون کی یہ لاٹھی اپنوں کو بھی گھائل کرسکتی ہے ریاستی معاملات حکمرانوں کی پہنچ سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میثاق ڈیل کرکے حکومت میں آنے والوں کی زبان سے دوسروں کیلئے ڈیل جیسا لفظ ڈوبی کشتی سے بوجھ اتارنے کے مترادف ہے۔ دو سال میں کچھ نہیں کر پائے تو آنے والے دنوں میں ان سے بھلا کیا ہو پائے گا سوائے ملک و قوم کو مزید تباہی و بربادی سے دوچار کرنے کے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ابھی نئے سیاسی اتحاد کی خشت اول ہی رکھی گئی ہے جس پر غیر حقیقی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔ حواس باختگی کا اٰسا عالم ہے کہ دل میں چھپی عداوتیں اخلاقیات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے خودبخود زبان پر آنا شروع ہوچکی ہیں۔