گلگت بلتستان معاملے پر کشمیر کمیٹی اجلاس بلانے کا مطالبہ

September 25, 2020

مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان کے معاملے پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کردیا، سابق وزیر دفاع اور رکن کشمیر کمیٹی خرم دستگیر نے چیئرمین کشمیر کمیٹی کے نام خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کی خبروں سے بے چینی اور شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر امور کشمیر نے بھی ایک اخباری بیان میں گلگت بلتستان کو پانچواں آئینی صوبہ بنانے کا عندیہ دیا، ان افواہوں کے باوجود حکومت نے گلگت بلتستان کے بارے میں اپنے ارادے ظاہر نہیں کیے، جبکہ حکومت نے گلگت بلتستان کے بارے میں مجوزہ قانون سازی عوام اور عوامی نمائندوں سے خفیہ رکھی۔

خرم دستگیر نے خط میں کہا کہ گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنانے سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ٹھیس پہنچے گی، یہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر قائم ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ فوری طور پر پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس بلاکر ان معاملات پر تفصیلی بریفنگ دیں، کمیٹی کو گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بدلنے کے مضمرات سے بھی آگاہ کیا جائے۔