سندھ نے ہمیشہ نااہلی چھپانے کیلئے وفاق پر الزام لگایا، شہباز گل

September 25, 2020

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے وفاق پر الزام لگایا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کارڈ کھیلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہر چیز کا الزام وفاقی حکومت پر لگا کر اپنی پرفارمنس چھپا نہیں پائے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے 15 ارب روپے کی گندم چوری ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر بھی 10 ارب روپے کی گندم چوری کو ٹریس کرچکا ہے۔

شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ سندھ گندم چوری اسکینڈل میں 10ارب کی پلی بارگین بھی کرچکا ہے۔

اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ وفاق کو کراچی میں گیس کا مسئلہ حل کرنا چاہیے، گندم پر مصنوعی بحران وفاق پیدا کر رہا ہے، وزیراعظم کو گندم بحران کے حقائق کا علم ہی نہیں، انہیں مس گائیڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ 1100 ارب کے کراچی پیکیج پر سب کچھ ہم سے نہ پوچھیں، ہمارے وعدے ہم سے اور وفاق کے وعدے وفاق سے پوچھیں۔