اقوام متحدہ کے اجلاس میں کورین بی ٹی ایس بینڈ کا امید کا پیغام

September 26, 2020

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی وبا کے باعث اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں ورچوئل اجلاس جاری ہے، اجلاس میں معروف جنوبی کورین پاپ بینڈ بی ٹی ایس نے ” امید کا پیغام ” جاری کیا ۔بی ٹی ایس نے انگلش اور کورین زبان میں جاری کیے جانے والے پیغام میں عالمی وبا میں نافذ لاک ڈاؤنزکے دوران اپنی کوششیں بیان کرتے ہوئے سبھی کو مثبت رہنے کی ترغیب دی۔پہلے سے ریکارڈ شدہ اس ویڈیو پیغام کو اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کی جانب سے جاری کیا گیا۔بینڈ لیڈرآرایم نے کہا کہ آئیں اپنی دنیا کا ایک نیا تصورکریں، ہمیں ایسا محسوس ہوسکتا ہے کہ رات ہمیشہ کیلئے ہے اور ہم ہمیشہ تنہا رہیں گے لیکن صبح کی پہلی کرن سے پہلے رات ہمیشہ تاریک ہوتی ہے۔بینڈ کے رکن جنگکوک نے کورین زبان میں کہا کہ آوازیں لوگوں کو طاقت دیتی ہیں تو پھر ہم ایسا کرتے رہیں گے۔سال 2010 میں آغازکے بعد 2013 میں ڈیبیوکرنے والا دنیا بھرمیں مقبول یہ بینڈ سیول کے 7نوجوانوں پر مشتمل ہے جس کا نام ” بینگٹین بوائز” سے تبدیل کر کے 2017 میں بی ٹی ایس (بیونڈ دی سین) رکھا گیا۔ یہ جنوبی کوریا کی تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت کا ریکارڈ بنانے والا بینڈ ہے۔