امریکی انتخابات پر تبصرہ، ملکہ برطانیہ، ہیری سے قطع تعلق کرسکتی ہیں، شاہی تبصرہ نگار

September 28, 2020

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے شاہی خاندان سے اس برس کے اوائل میں الگ ہونے سے پیدا شدہ کشیدگی اب ایک سرد جنگ میں تبدیل ہوچکی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ اس میں شدت آتی جارہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے امریکی انتخابات سے متعلق حالیہ تبصرے کے نتیجہ میں ہوسکتا ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ ثانی سختی کے ساتھ شاہی خاندان سے الگ ہونے والے اس جوڑے سے تعلق توڑ لیں۔

شاہی تبصرہ نگار انجیلا لیوین نے ٹاک ریڈیو نامی ایک میڈیا ادارے سے انٹرویو کے دوران کہا کہ ان تبصروں سے یہ جوڑا اس جگہ پہنچ گیا ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہے، اور نتیجتاً ہوسکتا ہے کہ ملکہ برطانیہ اس پر سخت ایکشن بھی لیں۔

جب میزبان نے انجیلا لیوین سے پوچھا کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ اب ان سے ڈیوک، ڈچز اور ہز اور ہر رائل ہائنس کے شاہی خطابات بھی واپس لے لیے جائیں گے؟ اس پر انجیلا لیوین کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ نہ صرف نان ورکنگ رائل ممبر بلکہ انھیں مکمل طور پر شاہی خاندان سے الگ ہی کردیا جائے گا۔


انھوں نے کہا کہ آئندہ سال مارچ میں انھیں ملکہ برطانیہ کے ساتھ کیے گئے انتظام کا جائزہ لینا ہے، اور میں کافی حد تک قائل ہوں کہ اس موقع پر انھیں ہر قسم کے اعزازات اور شاہی رکنیت ہی چھوڑنا پڑے۔

انھوں نے کہا کہ مجھے تو شہزادہ ہیری سے ہمدردی ہے، اور میں حقیقتاً انھیں بے چارہ ہیری کہنا چاہونگی۔ میگھن نے اسکے لیے کسی بھی قسم کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی ہے۔ میگھن کے اقدامات کا نتیجہ بلآخر یہ ہوگا کہ شہزادہ ہیری مشکل میں پڑجائیں گے۔