سپریم کورٹ آج ایڈیٹرانچیف میر شکیل الرحمان کی اپیل کی سماعت کریگی

September 30, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ آج بروز بدھ جنگ،جیو میڈیا گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمان کے خلاف 34سال پرانے جائیداد کے ایک معاملہ کے حوالے سے قائم کئے گئے نیب کے ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج ہونے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی اپیل کی سماعت کرے گی۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کریگا ،یاد رہے کہ اپیل گزار میر شکیل الرحمان نے 11 ستمبرکو سپریم کورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ضمانت پر جیل سے نکالنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔

جسٹس احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر ر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے 8 جولائی کو ان کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری خارج کی تھی ،یہ بھی یاد رہے کہ نیب حکام کی جانب سے میر شکیل الرحمان کو گرفتارکرکے قید میں ڈالے ہوئے آج 201دن ہوگئے ہیں۔