ضلع غربی کی تقسیم کیخلاف درخواست ،چیف سیکریٹری کو نوٹس جاری

October 01, 2020

سندھ ہائی کورٹ نے رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف عامر لیاقت کی ضلع غربی کی تقسیم کے خلاف درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ و دیگر کو نوٹسسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی جانب سے ضلع غربی کی تقسیم کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے نئے ضلع کے قیام کا نوٹیفکیشن عدالت میں جمع کروا دیا۔


اس پر عدالت نے چیف سیکریٹری، سیکریٹری سندھ اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نئے ضلع کے قیام کے حوالے سے فریقین سے جواب طلب کرلیا اوردرخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہےکہ ضلع غربی کی تقسیم اور ضلع کیماڑی کا قیام غیر آئینی ہے اورضلع غربی کی تقسیم میں قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔