نواز شریف سمیت کسی کی بھی تقریر روکنا اب ممکن نہیں، زرداری

October 05, 2020


سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سمیت کسی کی بھی تقریر روکنا اب ممکن نہیں۔

سابق صدر نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے 2 ریفرنسز میں فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کی تقریر پر پابندی کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں10 ملین موبائل فون ہیں، اب کسی کی بھی تقریر روکنا ممکن نہیں۔

آصف علی زرداری نے حزب اختلاف کی تحریک پر حکومتی ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تو اپوزیشن تحریک نے بسم اللّٰہ کی ہے۔

انہوں نے ریفرنسز میں فرد جرم عائد کیے جانے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے کیسز میں کوئی فرق نہیں، جب بھی اپوزیشن میں ہوتے ہیں، تو ہمارے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے۔

سابق صدر نے خواجہ محمد آصف کے بیان سے متعلق کہا کہ میرے خلاف یہ بیان انہوں نے کسی کے کہنے پر دیا ہوگا، کوئی تو ہے جو چاہتا ہے کہ اپوزیشن تقسیم ہو۔

آصف زرداری پر پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی گئی تو سابق صدر نے صحت جرم سے انکار کردیا۔