لاک ڈاؤن میں مٹن بنانا سیکھ لیا، ‏عالیہ ریاض

October 07, 2020

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاک ڈاؤن میں کوکنگ میں مٹن بنانا سیکھ لیا،یہ ایک نئی ڈش ہے جو میں نے سیکھی ہے، اس کے علاوہ پاسٹا وغیرہ بھی بنا لیتی ہوں۔

قومی ویمن کرکٹرز کیمپ کے آغاز کے موقع پر کافی خوش ہیں، اس حوالے سے عالیہ ریاض اور نتالیہ پرویز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میدان میں ٹریننگ کر کے مزہ آئے گا۔

‏آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ وہ پر جوش ہیں کہ ویمن کرکٹ ٹیم کے کیمپ کے لیے کراچی میں اکٹھےہورہے ہیں، کوویڈ 19 نے ہمیں نہ صرف ٹریننگ سے دور رکھا بلکہ ایک دوسرے سے بھی دور کر دیا تھا۔

اب گراؤنڈ میں ٹریننگ کریں گے ایک ساتھ مل کر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے جس کا فائدہ ہو گا، میں منتظر ہوں کہ کیمپ شروع ہو اور اس سے فائدہ اُٹھائیں۔

‏عالیہ ریاض نے کہا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے جب کھیلوں کی سرگرمیاں نہیں تھیں تو تب فوکس فٹنس پر رہا۔ اب ہمیں کیمپ میں میچز کھیلنے کا بھی موقع ملے گا جس سے آنے والے سیزن کے لیے فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک میچز بھی آرہے ہیں اور اس کے بعد انٹر نیشنل کمٹمنٹس بھی ہیں تو ہمیں میچ پریکٹس میں آنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمٹمنٹ تھی کہ خود کو فٹ رکھنا ہے اس لیے ٹورنامنٹس اور کوئی سرگرمی نظر نہ آنے کے باوجود خود کو متحرک رکھنے کی کوشش کی ہے۔ پہلے بھی کوچز اچھے میسر آئے اب نئے کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی تقرری ہو ئی ہے۔ ان کی موجودگی سے فائدہ اُٹھائیں گے اُن سے بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔

‏ عالیہ ریاض نے انکشاف کیا کہ وہ تھوڑی بہت کوکنگ تو پہلے بھی کرتی تھیں لیکن کوویڈ 19 کی وجہ سے گھر پر رہتے ہوئے انہوں نے مٹن کی ڈش بنانا سیکھ لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایک نئی ڈش ہے جو میں نے سیکھی ہے، اس کے علاوہ پاسٹا وغیرہ بھی بنا لیتی ہوں۔

‏دوسری جانب ویمن کرکٹر نتالیہ پرویز کا کہنا ہے کہ انہوں نے لاک ڈاؤن میں صرف فٹنس پر فوکس کیا۔ اب میدان میں کھیل کر مزہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کا کام ہی خود کو متحرک رکھنا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران بھی خود کو متحرک رکھنے کی کوشش کی اب جبکہ گراؤنڈ میں واپسی ہو رہی ہے تو مشکل نہیں ہو گا۔

‏نتالیہ پرویز نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کھیل کو بہت مس کیا لیکن اس دوران فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملا، جب گھر میں تھی تو گھر والوں کا کاموں میں بھی ہاتھ بٹایا، والدین کہتے تھے کہ اکر گھر ہو تو پھر گھر کے کام بھی کرو۔