• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‏عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث ان دنوں دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم جو آئی سی سی کے پوائنٹس تقسیم کرنے کے فیصلے کی وجہ سے براہ راست آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی اب جولائی میں کوالیفائنگ راونڈ کھیلے گی۔ لیکن سرگرمیاں معطل ہونے کی وجہ سے ویمن کرکٹرز گھروں میں اور خود کو فٹ رکھنے کی انفرادی طور پر کوشش کر رہی ہیں۔

بھارت نے گزشتہ برس پاکستان ویمن ٹیم کی میزبانی کرنے سے انکار کر دیا تھا آئی سی سی ویمنز چیمپئین شپ کے چھ پوائنٹس پاکستان بھارت کی ویمن ٹیموں میں آئی سی سی نے یکساں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی ویمن ٹیم ورلڈ کپ کےلیے کوالیفائی کر گئی جبکہ پاکستان نے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہے۔

‏آل راؤنڈر عالیہ ریاض پاکستان کی 27 ون ڈے اور 42 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز میں نمائندگی کر چکی ہیں۔ عالیہ ریاض پاکستان کی چند سینئرکھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے 2014 میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ عالیہ ریاض ان دنوں لاک ڈاؤن کی وجہ سے واہ کینٹ میں اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔

عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ میں ان دنوں کرکٹ گراؤنڈ اور ساتھی کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ مس کر رہی ہوں۔ میری دعا ہے کہ جلد اس وباء سے نجات ملے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہوں۔ ساتھی کھلاڑیوں کو بھی بہت یاد کرتی ہوں لیکن ان کے ساتھ روزانہ ویڈیو پر بات چیت کرتی رہتی ہوں۔

عالیہ ریاض نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر والوں کے ساتھ ایک لمبے عرصے کے بعد وقت گزارنے کا موقع ملا ہے۔ میں واہ کینٹ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہوں۔ گھر میں رہتے ہو ئے میں اپنا ناشتہ خود تیار کرتی ہوں۔ اب جبکہ رمضان شروع ہو گیا ہے تو میں افطاری میں اپنی والدہ اور بہن کی مدد کروں گی۔ میں افطاری کے لیے فروٹ چاٹ خود بناؤں گی۔

‏آل راؤنڈر ریاض نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے گھر کے بیسمنٹ میں ورک آوٹ کرتی ہوں تاکہ فٹنس برقرا ررہے اور پھر سہہ پہر میں اپنی بہن اور بھائی کے ساتھ گھر کی چھت پر کرکٹ کھیلتی ہوں، بہن کی بولنگ پر ہٹنگ کرتی ہوں جبکہ بھائی بال لے کر آتا ہے۔

‏آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہیں۔ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزار کر انجوائے کریں جبکہ طبی ماہرین اور حکومت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے اس پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ماسک پہنیں، ہینڈ سینی ٹائزر استعمال کریںاور سب سے بڑھ کر سماجی فاصلے اختیار کریں۔ 

تازہ ترین