ملزم عابد مختلف مقامات پر چُھپتا رہا، شہباز گل

October 12, 2020

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ملزم عابد مختلف مقامات پر چُھپتا رہا، ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی۔

شہباز گل نے کہا کہ پنجاب پولیس کی کارکردگی بہت اچھی رہی جو مزید بہتر ہوسکتی تھی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے کو مزید آگاہی دینا ہوگی، ہمیں عدالتی نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔

موٹروے زیادتی کیس کا ملزم عابد فیصل آباد سےگرفتار ، لاہور منتقل

موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو لاہور منتقل کردیا گیا، جہاں ملزم عابد کو سی آئی اے کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزم کی گرفتاری میں پنجاب پولیس کی قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے بھی معاونت کی اور سائنسی طریقے استعمال کیے۔

موٹروے پر خاتون سے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کرنے والے دونوں مرکزی ملزمان اب پولیس کی تحویل میں آگئے ہیں۔

شفقت جو عابد ملہی کے ساتھ جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کرچکا ہے، وہ پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

ستمبر میں لاہور کے علاقے گجرپورہ میں موٹروے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، 2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو باہر نکالا۔

ملزمان موٹروے پر لگی جالی کاٹ کر خاتون کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اس حوالے سے ایک عینی شاہد بھی سامنے آیا تھا جبکہ گاڑی کا شیشہ توڑنے کے دوران ایک ملزم زخمی بھی ہوگیا تھا۔