بھارت، 74 سالہ شخص کو فریزر سے نکال کر بچا لیاگیا

October 15, 2020

بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے ضلع سلیم میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 74 سالہ شدید بیمار شخص کو اس کے اہل خانہ نے ساری رات فریزر میں رکھا کیونکہ اس کے اہل خانہ اُسے مارنا چاہتے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک 74 سالہ شدید علیل شخص کو اسپتال سے ڈسچارچ ہونے کے بعد اس کے اہل خانہ نے ایک ایسے فریزر میں رکھ دیا جہاں مردوں کو رکھا جاتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مُتاثرہ شخص کے اہل خانہ اُس کے مرنے کا انتظار کر رہے تھے اور یہی وجہ ہے کہ اُس شخص کے بھائی نے اپنے بھائی کی موت سے پہلے ہی اُسے مردوں کے فریزر میں رکھا دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکام کو جیسے ہی اس واقعے کی اطلاع ملی تو وہ متاثرہ جگہ پر پہنچے اور اُنہوں نے 74 سالہ بیمار شخص کو اُس فریزر باکس سے زندہ نکال لیا جہاں اُس کے بھائی نے اُسے گزشتہ رات رکھا تھا۔

حکام نے بتایا کہ بالاسُبرامانیہ کمار نامی 74 سالہ شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا جس کے بعد اس کے اہل خانہ نے ایک ایجنسی سے مردوں کا فریزر باکس لیکر اُس میں اُنہیں رکھ دیا تھا کیونکہ وہ اُس شخص کے مرنے کا انتظار کر رہے تھے جب ایجنسی کو اس بات کی اطلاع ملی کہ اُن کے فریزر باکس میں ایک زندہ شخص کو رکھا گیا ہے تو وہ فوراً وہاں پہنچے اور متاثرہ شخص کو زندہ بچالیا۔

بالاسُبرامانیہ کمار نامی 74 سالہ شخص کےاہل خانہ نے بتایا کہ وہ شدید بیمار تھے اور وہ اس انتظار میں تھے کہ کب اُن کی موت واقع ہوگی تاہم بھارتی پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اہل خانہ کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔