بھارت: شوہر نے ڈیڑھ سال بیوی کو ٹوائلٹ میں بند رکھا

October 15, 2020

بھارت میں ایک خاتون کو اُس کے شوہر نے گزشتہ ڈیڑھ سال سے ٹوائلٹ میں بند کر رکھا تھا جسے اب بازیاب کرالیا گیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر پانی پت ضلع کے ریش پور گاؤں میں ایک 35 سالہ خاتون کو اُس کے شوہر نے انتہائی اذیت ناک حالت میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے ٹوائلٹ میں بند کر رکھا تھا۔

گزشتہ روز ضلعی خواتین اور اطفال بہبود محکمہ کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے متاثرہ خاتون جو کہ تین بچوں کی ماں ہے، اُس کو ایک بہت ہی چھوٹے اور بدبودار ٹوائلٹ سے بازیاب کرالیا۔

ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر ’گپتا‘ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی ٹیم نےخاتون کو ٹوائلٹ میں انتہائی خراب حالت میں پایا، جس کے بعد تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اس اذیت ناک حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور تھی۔

آفیسر گپتا نے بتایا کہ جب انہوں نے خاتون کوٹوائلٹ سے باہر نکالا تو وہ اتنی کمزور تھی کہ اُس سے چلا بھی نہیں جارہا تھا، جب انہوں نے خاتون کو کھانا کھلایا تو اُس نے 8 روٹیاں کھائیں۔ متاثرہ خاتون نے آفیسر کو بتایا کہ اُسے کھانے کے لیے مناسب غذا اور یہاں تک کہ پانی بھی نہیں دیا جاتا تھا۔

متاثرہ خاتون کے شوہر’ نریش کمار‘ سے جب اس سے متعلق تفتیش کی گئی تو اُس نے دعویٰ کیا کہ اُس کی بیوی کو کوئی دماغی مرض لاحق ہے جس کے باعث اُس نے اپنی بیوی کو ٹوائلٹ میں بند رکھا تھا تاکہ وہ کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچا دے۔

اس پر محکمہ بہبود آبادی کے افسر نےکہا کہ انہوں نے متاثرہ خاتون سے خاندان کے تمام افراد کی نشاندہی کروائی تھی جس میں وہ کامیاب رہی، اس کے علاوہ اُس نے ٹیم کی جانب سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جواب بھی بالکل درست دیے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گپتا نے مزید کہا کہ اگر متاثرہ خاتون ذہنی مریضہ ہے تو نریش کماراُس کی بیماری کے علاج سے متعلق دستاویز پیش کرے جبکہ نریش کمار کے پاس ایسے کوئی دستاویز موجود نہیں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے شوہر نریش کمار کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 498 اے اور 342 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔