وزیراعظم کا مہنگائی پر قابو کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ

October 20, 2020


وزیر اعظم عمران خان نے اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خاتمے میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم وفاقی محکموں اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے لیے پنجاب، خیبرپختونختوا، اسلام آباد میں سخت اقدامات کیےجائیں گے۔ اس کے علاوہ باقی صوبوں اور ریجنز میں بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے متعلق آج لاہور میں بھی اجلاس بلالیا ہے، جس میں خصوصی پیکجز، سہولت بازار، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ اورچیف سیکرٹری مہنگائی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کریں گےاور سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے اور خصوصی پیکیج دینے پر مشاورت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کو بھی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں سے متعلق اہم ٹاسک دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان خیبر پختونخوا کا بھی دورہ کریں گے۔