• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹماٹر، آلو سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غریبوں کی قوت خرید جواب دے گئی

اسلام آباد (رپورٹ ، تنویر ہاشمی) ٹماٹر، آلو سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،غریبو ں کی قوت خریدجواب دے گئی، پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق ایک سال میں ٹماٹر 69روپے، آلو 27 ، چینی 24 ، آٹا 218 ، گوشت 52،چاول 10،دالیں 70روپے تک مہنگی ہوئیں جبکہ کپڑے اورجوتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ،پیٹرول ، ڈیزل ، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ملک میں ایک سال میں اشیائے خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔

پاکستان بیورو آف شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق قومی سطح پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ایک سال میں ٹماٹر کی اوسط قیمت میں 69روپے فی کلوگرام اضافہ ہوا، آلو کی اوسط قیمت میں 27روپے ، چینی 24 روپے فی کلوگرام ، دال ماش63روپے ، دال مونگ 70 ، دال مسور32، چنے 12روپے ، انڈے فی درجن 46 ، تازہ دودھ 10 ، مٹن کی قیمت میں فی کلوگرام 105 ، بیف 52 ، مرغی 12 ، چاول 10 اور 20 کلوگرام گندم کےآٹے کی اوسط قیمت میں 218روپے اضافہ ہوا، جبکہ پیٹرول ، ڈیزل ، ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ سال 10اکتوبر 2019میں گندم کے آٹےکے 20کلو تھیلے کی اوسط قیمت 882روپے اور زیادہ سے زیادہ 1100 روپے تھی ایک سال میں 20کلوگرام آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت بڑھ کر 1045 روپے اورزیادہ سے زیادہ 1500 روپے ہوگئی ہے، باسمتی ٹوٹا چاول کے فی کلوگرام کی اوسط قیمت ایک سال میں 81 سے بڑھ کر 91 روپے اور زیادہ سے زیادہ 110سے بڑھ کر 120 ہوگئی، مرغی کی اوسط قیمت ایک سال قبل 160روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 172 اور زیادہ سے زیادہ قیمت 240روپے تھی جو اس سال 220روپے رہی۔

بڑےگوشت کی اوسط قیمت ایک سال قبل 420 بڑھ کر 472روپےاور زیادہ سے زیادہ 600 سے بڑھ کر 650 روپے ہوگئی ، مٹن کی اوسط قیمت 880 سے بڑھ کر 985روپے اور زیادہ سے زیادہ 1100سے 1200روپے ہوگئی ، تازہ دودھ کی اوسط قیمت فی لٹر 94سے بڑھ کر 104 اور زیادہ سے زیادہ 120سے 130 ہوگئی ، انڈے فی درجن کی اوسط قیمت 112 سے بڑھ کر 158روپے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 120سے 180روپے ہوگئی۔

دال مسور فی کلوگرام کی اوسط قیمت 128 سے 160 اور زیادہ سے زیادہ 170 سے 200روپے ، دال ماش اوسط 182 سے 245روپے زیادہ سے زیادہ قیمت 250 سے 280، دال مونگ کی اوسط قیمت 172 سے بڑھ کر اور زیادہ سےز یادہ 210سے بڑھ کر 280 روپے ہوگئی ، چنے کی اوسط قیمت 132سے 144 اور زیادہ سے زیادہ 180روپے سے 200روپے فی کلوگرام۔

آلو کی اوسط قیمت ایک سال میں 43روپے فی کلو سے 70 اور زیادہ سے زیادہ 80روپے سے 100روپے کلوگرام رہی ، پیاز کی اوسط قیمت 76روپے فی کلو سے 75روپے ہوگئی جبکہ زیادہ سے زیادہ 100روپے فی کلوگرام پر برقراررہی ، ٹماٹر کی اوسط کی قیمت ایک سال میں 69روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 128 اور زیادہ سے زیادہ 100 سے 180روپے ہوگئی ، چینی کی اوسط قیمت فی کلو سے 74روپے سے98اور زیادہ سے زیادہ 85سے 110 روپے ہوگئی ، لہسن کی اوسط قیمت 256 سے 230روپے رہی جبکہ زیادہ سے زیادہ 320روپے فی کلوسے 400روپے رہی۔

کپڑوں میں لان پرنٹڈ کی اوسط قیمت 355روپے فی میٹر سے بڑھ 379فی میٹراور زیادہ سے زیادہ ایک سال میں 550 روپے فی میٹر ہی رہی ، سینڈل باٹا مردانہ کی اوسط قیمت 900 روپے ہی رہی اور کوئی ردوبدل نہیں ہوا جبکہ سینڈل باٹا زنانہ کی اوسط قیمت 600 روپے برقراررہی۔

پیٹرول کی اوسط قیمت فی لٹر 114روپے سے کم ہو کر 105 اور زیادہ سے زیادہ 117 سے 107 روپے ہوگئی ، ڈیزل کی قیمت اوسط قیمت 128فی لٹر سے کم ہوکر 105 روپے اور زیادہ سے زیادہ 131 فی لٹر سے کم ہو کر 108روپے ہوگئی ، ایل پی جی 11.67کلوگرام سیلنڈر کی اوسط قیمت 1475 سے کم ہوکر 1275 اور زیادہ سے زیادہ 1634روپے سے کم ہو کر 1550روپے ہو گئی۔

تازہ ترین