بھارتی کسانوں کا دسہرہ پر راون کی بجائے نریندر مودی کے پتلے جلانے کا اعلان

October 24, 2020

لاہور(خالدمحمودخالد)بھارتی پنجاب میں کسانوں نے اتوار کے روز منائے جانے والے تہوار دسہرہ میں راون کی بجائے نریندر مودی کے پتلے جلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

امرتسر میں کسان یونین نے ایک احتجاجی مظاہرے میں اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پورے بھارتی پنجاب میں دسہرہ کے موقع پر راون مودی کے پتلے مفت تقسیم کئے جائیں گے۔

دریں اثنا گزشتہ روز بھی کسانوں نے اپنے احتجاج کے دوران مودی کے پتلے جلائے۔ بھارتی پنجاب کے کسان کئی روز سے زراعت آرڈیننس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔

مودی کی مدد کرنے کے الزام میں کسانوں نے معروف تاجروں امبانی اور اڈانی کے پتلے بھی جلائے۔ کسانوں نے پنجاب میں آنے والی مال گاڑیوں کو روکنے کی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔