وفاقی تعلیمی اداروں میں ڈیپوٹیشن اساتذہ کی مستقلی کی درخواستیں مسترد

October 24, 2020

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں صوبوں سے ڈیپوٹیشن پر آئے اساتذہ کی مستقلی کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ 80اساتذہ نے مستقلی کے لئے 32 مختلف پٹیشنز دائر کی تھیں ، 12ان درخواستوں پر فیصلہ سنایا گیا جن میں ڈیپوٹیشن پر آئے اساتذہ کو ضم کرنے کا عمل شروع نہیں ہوا تھا جبکہ باقی درخواستوں پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے دیگر صوبوں سے ڈیپوٹیشن پر وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کی مستقلی کی درخواستوں کی سماعت کی۔ ڈیپوٹیشن پر پانچ سال کی مدت گزارنے کے بعد انہیں صوبوں میں اصل محکموں میں واپس جانے کا کہا گیا تھا جس پر انہوں نے وفاقی تعلیمی اداروں میں مستقلی کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔