شاہ رخ خان لیجنڈری کرکٹر Kapil Dev کی جلد صحتیابی کیلئے دُعاگو

October 24, 2020

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ وننگ کپتان کپل دیو کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر دعائیہ پیغام جاری کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اسپتال منتقل ہونے والے لیجنڈری کرکٹر کپل دیو کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’کپل پاجی جلدی سے مکمل طور پر تندرست ہوجائیں۔‘

شاہ رخ خان نے لکھا کہ ’جس طرح میچ میں آپ کا بلّہ اور بال زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے، اسی طرح یہاں بھی آپ عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے جلدی سے ٹھیک ہوجائیں۔‘

کنگ خان نے لیجنڈری کرکٹر سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے آخر میں لکھا’لو یو پاجی‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کپل دیو کو اچانک دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اُن کی انجیوپلاسٹی کی گئی تھی جبکہ اس سے قبل کبھی کرکٹر کے امراض قلب میں مبتلا ہونے کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔

61 سالہ کپل دیو نے 1983 میں بھارت کو ورلڈکپ جتوایا تھا، کپل دیو کا شمار دنیا کے عظیم آل راؤنڈروں میں کیا جاتا ہے۔