بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی تعلیمی اداروں میں خصوصی آگاہی مہم جاری

October 25, 2020

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی جہاں ایک طرف ناقص کھانے پینے کی اشیاء تیار و فروخت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے وہیں عوامی آگاہی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔سکولوں و انٹر کالجز کی سطح پر تعلیمی اداروں کے سربراہان ،انتظامیہ اور کینٹین مالکان کو فوڈ سیفٹی اور ہائی جین کی ضرورت و اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی آگاہی مہم جاری ہے جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں بچوں کوصحت افزا و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا اور غذا سے متعلق اہم مسائل کواجا گر کرنا ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اوراداروں کے متعلقہ حکام کو فوڈ سیفٹی ، بچوں کے لئے فائدہ مند اور مضر صحت اشیاء خوردونوش بارے آگاہی دی گئی جبکہ اس سلسلے میں بی ایف اے کی مطلوبہ معیار پر مبنی وضع کردہ ہدایات ناموں کی کاپیاں بھی متعلقہ حکام کو فراہم کی گئیں۔کینٹین کے معائنے کے دوران متعدد ناقص اور مضر صحت اشیاء کی نشاندہی کرتے ہوئے کینٹین مالکان کو فوری طور پر ان اشیاء کی فروخت بند کرنے جبکہ ان کی جگہ معیاری و محفوظ مصنوعات رکھنے کی ہدایت کی گئی۔