پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ ’قائدِاعظم ٹرافی‘ کراچی میں شروع

October 25, 2020

پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ ’قائد اعظم ٹرافی‘ کے میچز کراچی میں شروع ہوگئے، پہلے دن بلوچستان کے بسم اللّٰہ خان نے سنچری جڑدی، تو سندھ کے تابش خان نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کردیا۔

ملک کے سب سے بڑے ڈومسٹک کرکٹ قائداعظم ٹرافی کا کراچی میں آغاز ہوگیا، جہاں چھ ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ قائداعظم ٹرافی میں اس مرتبہ ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

ٹورنامنٹ کا ابتدائی راؤنڈ کراچی کے تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جارہے ہیں جن میں 6 ٹیمیں شریک ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کی ٹیم سندھ سے مقابلہ کر رہی ہے۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم (این بی پی) پر نادرن کی ٹیم ساؤتھ پنجاب سے اور یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر بلوچستان اور کے پی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں سندھ کیخلاف سینٹرل پنجاب نے پہلے ہی روز 9 وکٹ پر 205 رنز بنا لیے، احمد شہزاد نے 69 اور محمد سعد نے 51 رنز بنائے جبکہ سندھ کے تابش خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر بلوچستان کے بسم اللّٰہ خان نے کے پی کے خلاف 102 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، ٹیم کا اسکور 7 وکٹ پر 310 رنز تک پہنچادیا، کاشف بھٹی 98 اور سمیع اسلم 57 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔

ادھر این بی پی گراؤنڈ پر سدرن پنجاب کیخلاف ناردرن 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، زاہد محمود نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جواب میں سدرن پنجاب نے ایک وکٹ پر 174 رنز بنالیے، شان مسعود 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔