مطیع اللّٰہ جان کے اغواء کاروں کی شناخت ممکن نہیں، رپورٹ

October 26, 2020

آئی جی اسلام آباد نے سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان اغواء کیس میں جے آئی ٹی کی پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ اغواء کی ویڈیو میں نظر آنے والے اغواء کاروں کی شناخت ممکن نہیں۔

سپریم کورٹ میں آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ نادرا نے ویڈیو میں نظر آنے والوں کی شناخت سے معذوری ظاہرکی ہے۔

رپورٹ میںکہا گیا کہ ویڈیو فوٹیج غیرمعیاری کیمرے سے بنی ہے، اغواء کاروں کی گاڑیوں کے نمبر بھی معلوم نہیں ہوسکے،تاہم گاڑیوں کی نشاندہی کی کوشش جاری ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے رپورٹ میں کہا کہ واقعے کی جگہ سیف سٹی کا کوئی کیمرہ نصب نہیں تھا، واقعے کا کوئی چشم دید گواہ نہیں، کسی رہائشی نے بیان ریکارڈ نہیں کر ایا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ بدھ کو مطیع اللّٰہ جان ازخود نوٹس پرسماعت کرے گا۔