حفیظ سنٹرمتاثرین کیلئے 2ارب کے قرضوں کاریلیف پیکیج تیار

October 28, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے حفیظ سینٹر متاثرین بحالی پروگرام کے تحت ریلیف پیکج تیار کرلیا ، پنجاب حکومت نے متاثرین کو بینک آف پنجاب سے 2 ارب تک کے آسان شرائط قرضے دلانے کا ورکنگ پیپر تیار کرلیا۔ حفیظ سینٹر متاثرین بحالی پروگرام کے تحت نقصان کے ازالے کا تخمینہ 2 ارب تک لگایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت متاثرین کو بینک آف پنجاب سے فنانسنگ کرانے کی سہولت فراہم کرے، دکان کے بدلے دکان بھی دی جاسکتی ہے۔متاثرین کو وزیر اعلیٰ پنجاب روز گار اسکیم کے تحت 4سے 5 فیصد مارک اپ پر سافٹ لون دیاجائے گا، سوفٹ لون کا 8 فیصد حکومت پنجاب سبسڈی کے طور پر برداشت کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ سینٹر سے ملحقہ آئی ٹی ٹاور کی 135 دکانوں کی نشاندہی کرکے متاثرین کو آفر کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ سینٹر کی متاثرہ دکانیں بھی اصل مالکان کی ملکیت ہی رہیں گی، حفیظ سینٹر ریلیف پیکج پر حفیظ سینٹر کے دونوں گروپس کو آن بورڈ لیا جاچکا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پیکج کا اعلان وزیر اعظم عمران خان یا وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار جلد کریں گے۔