یورپی یونین میں فرانسیسی رکن کا مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال کا اعلان

October 30, 2020

پیرس (این این آئی )یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں فرانس کے رکن پیرے لیروتو نے صحت اور سماجی فلاح و بہود کی فنڈنگ کے لیے مالیاتی لین دین میں ٹیکس عائد کرنے تک بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا ،میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں فرانس کے رکن پیرے لیروتو نے کہاکہ وہ جرمن چانسلر میرکل اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں پر دبا ئوڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اوران کا مقصد مرنا نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کو موت سے بچانا ہے۔انہوں نے بیان میں ماحولیات اور روزگار سے متعلق کلائمیٹ اینڈ جابزویب سائٹ کا ایک لنک بھی شیئر کیا ۔ اس میں مالیاتی لین دین سے متعلق اضافی ٹیکس نافذ کرنے کی بات کہی گئی ہے تاکہ یورپی یونین اس اضافی آمدن کی مدد سے ماحولیات کے تحفظ اور صحت سے متعلق اپنے تمام اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکے۔انہوں نے کہاکہ یہ سننا کسی فحش بات سے کم نہیں کہ صحت، آب و ہوا اور روزگار کے لیے پیسہ نہیں ہے جبکہ مالیاتی منڈیوں نے اس سے پہلے کبھی بھی اتنا اچھا کام بھی نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مالیاتی لین دین سے متعلق یہ مجوزہ اضافی ٹیکس عائد کر دیا جائے تو کورونا وائرس کی وبا کے دوران معاشی مندی سے ابھرنے کے لیے اربوں ڈالر کا جو قرض لیا گیا ہے اس کی ادائیگی میں بھی آسانی ہوگی۔