کووڈ19سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے ،پارلیمانی سیکرٹری صحت

October 30, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کوئٹہ سمیت پاکستان کے گیارہ بڑے شہروں میں ایک بار پھر کووڈ19 کے غیر معمولی پھیلاؤ سے متعلق این سی او سی کی وارننگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرکے اپنے اور اپنے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنائیں ،یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر اب تک کورونا وائرس کے خطرات منڈلا رہے ہیں ویکسین دریافت نہ ہونے کے باعث اس موذی وباءپر کنٹرول کا واحد راستہ مجوزہ ایس او پیز پر عمل درآمد میں پنہاں ہے ذرا سی بے احتیاطی پورے خاندان، محلے علاقے اور شہروں میں اس وباء کی ترویج کا سبب بن سکتی ہے اس لئے علاج سے احتیاط بہتر ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے محکمہ صحت بلوچستان کے تمام انتظامی افسران ڈویژنل ڈائریکٹرز ، ضلعی افسران صحت اور تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس انچارج صاحبان کو ہدایت کی ہےکہ وہ اپنے زیر انتظام اداروں میں ماسک اور ہینڈ سینٹائزر کے استعمال سمیت ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عوامی رابطہ کاری کے اداروں، پبلک مقامات ، تعلیمی اداروں میں کووڈ سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے اقدامات اٹھائیں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خدانخواستہ عوام کی جانب سے کسی بے احتیاطی کے نتائج ایک بار پھر سخت حکومتی فیصلوں پر منتج ہوسکتے ہیں اس لئے کسی بھی اجتماعی تکلیف سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد انفرادی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔