لاہور، رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز ہو گیا

November 05, 2020

لاہور کے نواحی قصبے رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز ہو گیا ہے، شرکاء کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

رائیونڈ اجتماع میں 30 ہزار افراد شرکت کریں گے جن کو عالمی کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور کے رائیونڈ اجتماع میں 18 سال سے کم اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد شرکت نہیں کر پائیں گے جبکہ اجتماع کے شرکاء کے لیے سنیٹائزر اور ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں منتظم اجتماع کا کہنا ہے کہ فاصلے کی بھی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے لیے سکیورٹی انتظامات سنبھال لیے ہیں اور اس حوالے سے ڈی آئی جی اشفاق نے بتایا کہ 2 ہزار افسران اور جوان اجتماع کی سکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔

ڈی آئی جی اشفاق نے کہا کہ حفاظتی انتظامات مکمل ہیں، شرکاء کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔