شاہ رخ خان اور سلمان خان ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ نظر آئیں گے؟

November 06, 2020

ماضی میں بالی وڈ کی کئی مقبول ترین فلموں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے والے بھارتی فلم اسٹار شاہ رخ خان اور سلمان خان ایک بار پھر بڑی اسکرین پر ساتھ نظر آنے والے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور ’چل بُل پانڈے‘ کے نام سے مشہور سلمان خان کے نئے پراجیکٹ سے متعلق کچھ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ یہ دونوں اسٹار ایک فلم میں کام کرنے والے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان اور سلمان خان نے ابھی تک باضابطہ طور پر اپنی نئی فلم سے متعلق کسی قسم کا کوئی اعلان نہیں کیا ہے لیکن دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اُن کی فلم میں اداکار جان ابراہم وِلن کا کردار ادا کریں گے جبکہ دیپیکا پڈوکون فلم کی مرکزی ہیروئن ہوں گی۔

میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی اس فلم کے حوالے سے توقع کی جارہی ہے کہ اداکار اس نومبر کے آخر میں اس فلم پر کام شروع کریں گے۔

دوسری جانب سلمان خان آخر ی مرتبہ شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم ’اوم شانتی اوم‘ کے ٹائٹل سانگ میں اُن کے ساتھ نظر آئے تھے جس میں اُن کا مختصر سا کردار تھا۔

شاہ رخ خان اور سلمان خان نے کون کونسی فلموں میں ساتھ کام کیا ہے؟

شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلموں کے چند مناظر

اگر ہم بالی وڈ کے ماضی کی جانب نظر دوڑائیں تو شاہ رخ خان اور سلمان خان نے جن فلموں میں ساتھ کام کیا وہ سُپر ہٹفلمیں رہی ہیں اور آج بھی مداح اُن فلموں کو دیکھنا بے حد پسند کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلموں میں ’کرن ارجن‘، ’دشمن کی دُنیا‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’ہم تمہارے ہیں صنم‘، ’ہر دل جو پیار کرے گا‘، ’اوم شانتی اوم‘، ’زیرو‘ اور’ٹیوب لائٹ‘ شامل ہیں۔