مسابقتی کمیشن نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو شوکاز جاری کردیے

November 10, 2020

مسابقتی کمیشن پاکستان نے 84 شوگر ملز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر شوگر ملز ایسوسی ایشن کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے۔

اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جے ڈی ڈبلیو اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی سے حاصل شواہد کے مطابق شوگر ملز کی غیر مسابقتی سرگرمیوں کا پتہ چلا۔

اس میں کہا گیا کہ مسابقتی کمیشن کے مطابق یہ بھی پتہ چلا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سینیئر عہدیدار حساس معلومات کے تبادلے اور قیمتوں کے اتار چڑھاؤ میں ملوث رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی ایکسپورٹ سے پہلے اسٹاک میں کمی کی پھر مشترکہ طور پر چینی کی قیمتیں بڑھائیں۔

جن ملز کے خلاف شوکاز جاری کیے گئے ہیں ان میں پنجاب کی 45، سندھ کی 33 اور خیبرپختونخوا کی 6 شوگر ملز شامل ہیں۔

مسابقتی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق شوگر ملز 2010 سے غیر مسابقتی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

اس میں کہا گیا کہ 20-2019 میں پنجاب کی 15 شوگر ملز نے گنے کی کرشنگ میں تاخیر کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی ایس ایم اے نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ٹینڈرز کی چینی کو تقسیم کیا۔

اس میں کہا گیا کہ 45 شوگر ملز نے پی ایس ایم اے کا پلیٹ فارم استعمال کرکے حساس معلومات کا تبادلہ کیا، 19 شوگر ملز نے مسابقتی ایکٹ کی خلاف ورزی کی، 30 شوگر ملز کو قبل از وقت ٹینڈر کھولنے پر شوکاز جاری کیے گئے۔