اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ) شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی انکوائری کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا، چیلنج کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین بھی شامل ہیں ۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے سینیئر ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر، سیکرٹری داخلہ، چینی کمیشن اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)کے سربراہ سمیت دیگر اداروں کو فریق بنایاگیا ہے۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست (آج) جمعرات کو سماعت کے لیے مقررکردی گئی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ سماعت کریں گے۔
درخواست چیلنج کرنے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین،ا سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور ق لیگی ایم این اے مونس الٰہی، وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی کی ملز پٹیشنرز میں شامل ہیں۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ چینی انکوائری کمیشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے اور بحران کی تحقیقات کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔