ایف بی آر ٹیکنیکل کمیٹی کیلئے پیشہ ور ماہر کی خدمات لینے کا فیصلہ

November 13, 2020

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے امور خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکنیکل کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ایف بی آر کی ٹیکنیکل کمیٹی کے لیے پیشہ ور ماہر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ایف بی آر ٹیکنیکل کمیٹی میں کامرس اور انڈسٹریز کے نمائندے بھی شامل کیے جائیں گے۔

ورچوئل اجلاس میں سیلز ٹیکس ریفنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے اور سیلز ٹیکس ریفنڈز فاسٹر اور ریبیٹ کے نظاموں میں مزید بہتری لانے پر اتفاق ہوا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے وزارت تجارت کو ڈیوٹی ڈرابیک کے بقایا جات جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایف بی آر کو زیر التوا انکم ٹیکس گوشوارے کے متعلق حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں مشیر خزانہ نے محصولات کی وصولی میں شفافیت کو فروغ دینےکےلیے ٹیکس نظام سادہ کرنے پر زور دیا۔