ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج

November 13, 2020

ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر پاکستان میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ جبکہ بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی افواج نے نیلم ویلی، لیپا ویلی، جہلم ویلی اور باغ ویلی کے مختلف سیکٹرز پر آج بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی سے 4 شہری شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت رواں برس 2737 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ رواں برس بھارتی فائرنگ سے 25 شہادتیں اور 218 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھارتی فورسز مسلسل ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔ بھارت کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اقدار کے منافی ہے۔ اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔