ناقدین کو اپنی کارکردگی سے جواب دینا سیکھا ہے، محمد حفیظ

November 14, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ اپنے کیریئر میں تنقید یا غلط بات کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دینا سیکھا ہے۔

جیو کے پروگرام ’اسکور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وقار یونس، مصباح الحق، یونس خان اور مشتاق احمد پاکستان کے لیجنڈز ہیں۔ ان لوگوں نے پاکستان کے لئے بہت بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور اپنی کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کیا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ اس وقت پاکستان کرکٹ کی مینجمنٹ پاکستانی ہے، ہمارے پاس بڑے بڑے نام موجود ہیں، لوگ کرکٹ سیکھنے کے لئے پاکستان سے لوگوں کو بلاتے ہیں اور ہم باہر سے لوگوں کو بلا لیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیجنڈز موجود ہیں۔ اگر باہر سے کسی کو کوچنگ کے لئے لانا ضروری ہو تو پھر ایسا کرنا چاہیے۔