فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو پولنگ اسٹیشن سے ہٹا دیا گیا، شیری رحمان

November 15, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو پولنگ اسٹیشن سے ہٹادیا گیا ہے، فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو ووٹوں کی گنتی کے وقت پولنگ اسٹیشن میں ہونا چاہیے۔

شیری رحمان نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کے مبصرین کو پولنگ اسٹیشن میں رہنے کی اجازت دی جائے، آزاد، شفاف الیکشن نیٹ ورک کے 600 سے زیادہ مبصرین الیکشن مانیٹر کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ووٹ کی گنتی کے وقت سارے مبصرین کو رسائی دی جائے، گنتی کے وقت مبصرین کا نہ ہونا دھاندلی کے مترادف ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مبصرین کا پولنگ اسٹیشن میں نہ ہونا الیکشن کی شفافیت پر سوالات کھڑا کر رہا ہے، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ خواتین کی ووٹنگ پر دانستہ پابندیوں پر گہری تشویش ہے، چیف الیکشن کمشنر فوری مداخلت کریں اور مسئلہ حل کریں۔

رہنما پی پی نے کہا کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی کوششیں ناقابل قبول ہے، یہ واقعات انتخابات کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔