پاکستان: کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ، مزید 19 جاں بحق

November 16, 2020


پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب کورونا کیسز اور اس سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر سے 27 ویں پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 29 ہزار 511 ٹیسٹ کیے گئےتھے جن میں سے مزید 2128 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.2فیصد رہی جبکہ ملک میں 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 19 افراد انتقال کرگئےہیں۔

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 437 ٹیسٹ کیے گئے۔

کوئٹہ سے صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی تعداد 16 ہزار407 ہوگئی ہے۔ صوبے میں کورونا کے مزید 35 مریض صحتیاب ہوئے۔ صوبے میں کورونا سےصحت یاب افراد کی تعداد 15 ہزار 852 ہوگئی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 399 ہے۔ صوبے میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 156 ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں تعلیمی اداروں میں دو نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیسز کی تعداد 846 ہوگئی ہے۔

خیبر پختون خوا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 380 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 2 افراد کا انتقال ہوا۔

پشاور سے جاری صوبائی محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق صوبہ میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 1311 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 380 کیس رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت نے کہا کہ صوبہ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 42 ہزار 370 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے181مریض صحت یاب ہوئے، صوبہ میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 39 ہزار 5 ہوگئی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ پشاور میں کورونا کیسز کی تعداد 15 ہزار 7 سو77 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا سے پشاور میں اب تک 616 افراد کا انتقال ہوچکا ہے اور شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 88 کیسز رپورٹ ہوئے۔