دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 5 کروڑ سے زائد ہوگئی

November 16, 2020


دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں ہے، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 48 لاکھ17 ہزار 106 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات کی تعداد 13 لاکھ24 ہزار457 ہوگئی ہیں۔

دنیا بھرمیں کورونا وائرس سےصحت یاب افراد کی تعداد 3 کروڑ81 لاکھ38 ہزار519 ہوگئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زائد ہوگئی ہے، آج مزید 500 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق نیویارک شہر میں پیر سے اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ریسٹورنٹس اور بازار رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے۔

دوسری جانب برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی روز میں 472 اموات اور 27 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن پر مؤثر عمل نہ کیا گیا تو کرسمس تک صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔