پی ایس ایل فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں میں نشانے بازی کا مقابلہ کون جیتا؟

November 16, 2020


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کا فائنل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کل (17 نومبر) کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایک طرف پی ایس ایل فائنل نے دونوں ٹیموں کے مداحوں میں جوش اور ولولہ پیدا کردیا ہے، وہیں دونوں ٹیمیں بھی اس چیمپئن شپ کے تاج کے لیے آخری مقابلے کی منتظر ہیں۔

اس سے ہٹ کر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور لاہور قلندرز کپتان سہیل اختر ایک الگ ہی طرح کے کھیل میں مدمقابل آگئے ہیں۔

کراچی کے نجی ہوٹل کے ایک کمرے میں پی ایس ایل فائنل کی دونوں ٹیموں کے کپتان نے نشانے بازی (ڈارٹس) کا میچ کھیلا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر زیر گرد ش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عماد وسیم اور سہیل اختر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔

کرکٹ میدان سے باہر کھیلے گئے اس مقابلے کے بارے میں عماد وسیم نے دیکھنے والوں کی پہلے بریف کیا اور پھر اپنی طرف سے نشانے لگائے۔

انہوں نے دیوار پر لگے(ڈارٹس) بورڈ پر 3 نشانے باندھے، جن میں ایک خطا گیا جب کہ دو سے انہوں نے 29 پوائنٹس بٹور لیے۔

اپنی باری پر سہیل تنویر نے بھی نشانے لگائے، ان کا پہلا نشانہ دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ اس مقابلے کے فاتح ہوں گے مگر ان کا بھی دوسرا نشانہ خطا ہوگیا تاہم تیسرے نشانے کے بعد پتا چلا کہ وہ ایک پوائنٹس سے ہار گئے ہیں۔

اس دوستانہ تفریح پر مبنی ویڈیو سے لگتا ہے کہ دونوں کپتانوں پر جہاں کل کے فائنل کی ٹینشن ہے وہیں وہ اس نوعیت کی سرگرمیوں میں دھیان لگا رہے ہیں۔