’بریانی بمقابلہ پائے‘، ’جی ہاں بمقابلہ ہاں جی‘، سوشل میڈیا پر مداحوں کی منفرد جنگ

November 17, 2020


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا فائنل آج کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جارہا ہے، تاہم میدان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر لاہوری اور کراچی والوں کی منفرد جنگ شروع ہوگئی۔

’بریانی‘ بمقابلہ ’پائے‘ اور ’جی ہاں‘ بمقابلہ ’ہاں جی‘، پی ایس ایل فائیو کون جیتے گا؟ سوشل میڈیا پر قلندرز اور کنگز کی ٹھن گئی۔

منچلوں نے چٹ پٹے چٹکلوں کا ڈھیر لگا دیا، پاکستانی سوشل میڈیا پر پی ایس ایل فائیو کے ٹرینڈز کا راج جاری ہے۔

کراچی والے بولے پی ایس ایل ٹرافی کہتی ہے پنجاب نہیں جاؤں گی تو لاہوریوں نے کہا کہ میٹرو کا منی بس سے کیا مقابلہ؟

کوئی میچ کے انتظار میں گھنٹے گن رہا ہے تو کوئی جیت کی پیشن گوئی کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر تبصروں کا لمبا انبار لگا ہوا ہے لیکن ایک شخصیت ہیں جو سب کی فیورٹ ہے اور وہ ہے لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا۔

کرکٹ فینز کی اپنی اپنی ٹیم کے لیے نیک تمنائیں ہیں جبکہ اپنی اپنی ٹیم کی جیت کے لیے ہر کوئی پُرامید ہے۔

جہاں فخر زمان، محمد حفیظ، تمیم اقبال، بین ڈنک اور ڈیوڈ ویزا قلندرز کی بیٹنگ کی شان ہیں تو شاہین آفریدی اور حارث رؤف کریں گے بولنگ کے وار۔

ادھر کراچی کنگز کے پاس ہیں بابر اعظم، الیکس ہیلز، شرجیل خان اور افتخار جیسے ہتھیار تو بولنگ میں عامر، وقاص مقصود، عماد وسیم اور وین پارنیل دکھائیں گے کنگز کے لیے کمال۔