پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان میں دھاندلی سے زیادہ سیٹیں جیتیں، ناصر شاہ

November 17, 2020

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہ نے کہا ہے کہ انسٹیٹوٹ آف پبلک اوپینئن کے سروے کے مطابق پی پی پی نے 25 فیصد ووٹ لئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی سے کم یعنی 24 فیصد ووٹ لئے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہنے گلگت بلتستان الیکشن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ تمام تر دھاندلیوں اور ریاستی قوت استعمال کرنے کے بعد بھی پی ٹی آئی 24 فیصد ووٹ لے سکی۔

پی ٹی آئی نے دھاندلی کرکے زیادہ سیٹیں جیت لیں۔ یہ دھاندلی کی جیت پی ٹی آئی کا گزشتہ عام انتخابات سے اب تک کی کاروائیوں کا تسلسل ہے۔ اگر دھاندلی نہ ہوتی تو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بناتی۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو جعلی حکومت بنانے کے عذاب سے چھٹکارہ دلائے گی۔ وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان میں دھاندلی سے جیتنے کے بعد الیکشن ریفارمز کا لولی پاپ دے رہے ہیں۔

سید ناصر شاہ نے مزید کہا کہ اب سلیکٹڈ حکومت کا گھر جانے کا وقت آگیا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت اب دوبارہ دنیا کی نظروں میں ایکسپوز ہوگئی ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے اتحادی جماعتوں سے مل کر اس ملک میں حقیقی جمہوریت لائے گی۔