لڑکی کو لیجانےوالےنامزد ملزم کی عبوری درخواست ضمانت خارج

November 22, 2020

پشاور(نیوز رپورٹر) چائلڈ پروٹیکشن کورٹ پشاور کی جج ودیعہ مشتاق ملک نے ورغلا پھسلا کرشادی کے بہانے لڑکی کو لیجانے اور لڑکی کے گھر سے 13 لاکھ روپے اور زیوارات لےجانے کے مقدمے میں نامزد ملزم کی عبوری ضمانت درخواست خارج کردی، پولیس نے ملزم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا جبکہ کیس میں نامزد مغوی لڑکی کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کردی گئی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم جنید ساکن تنگی گل آباد چارسدہ حال سفید ڈھیری پشاور پر الزام ہے کہ اُس نے تھانہ حیات آباد کی حدود سے دوسرے ساتھی ملزم سے ملکر لڑکی کو ورغلا پھسلا کر گھر سے لے گیا تھااور ساتھ ہی 13لاکھ اور زیوارت بھی لے گیا تھا اور بعد میںشادی سے انکار بھی کیا۔ ملزم کےخلاف پولیس نے دفعہ 365بی کے تحت مقدمہ درج کیا جسکے بعد ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی جو کہ عدالت نے مسترد کردی جبکہ لڑکی کی جانب سے دائر عبوری ضمانت درخواست بھی دائر کردی گئی تھی جسکو عدالت نے منظور کردی ۔