رابی پیرزادہ کا نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ افسوس

November 23, 2020

گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ کی جانب سے مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف اور اُن کی مرحومہ والدہ بیگم شمیم اختر کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے جو ماں بیٹے کی محبت کو بیان کر رہی ہے۔

رابی پیرزادہ نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے مرحومہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شدید غم کا اظہار کیا اور اُن کی مغفرت کے لیے دُعا کی۔

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں ہمیشہ کہتی ہوں، ماں تو آخر ماں ہوتی ہے نا۔‘

واضح رہے کہ نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر گزشتہ روز لندن میں انتقال کرگئیں جس کی اطلاع مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان کے ذریعے دی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے اپنے بیان میں بتایا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پاگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی۔

مرحومہ شمیم اختر کے بڑے صاحبزادے نواز شریف اپنے علاج کے لیے اس وقت لندن میں مقیم ہیں جبکہ اُن کے چھوٹے صاحبزادے شہباز شریف لاہور کی جیل میں ہیں۔

ان کی میت پاکستان لائی جائے گی جبکہ تدفین جاتی امراء میں اپنے شوہر میاں شریف کے پہلو میں مختص جگہ پر ہوگی، انتقال کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں معطل کردیں۔

مرحومہ بیگم شمیم اختر کے جنازے میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا جائے گا۔