• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شریف خاندان سے اظہارِ افسوس کیا ہے جبکہ بلاول بھٹو نے مریم نواز سے بھی ان کی دادی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نوازشر یف اور شہبازشریف کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا نعم البدل کوئی نہیں۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور خاندان کو صبر وجمیل عطاء فرمائے۔

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ شمیم اختر صاحبہ کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ خاندان اور عزیز و اقارب کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کی خبر کی تصدیق مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان کے ذریعے کی ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پا گئی ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی والدہ کا انتقال لندن میں ہوا، ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی۔

مرحومہ شمیم اختر کے بڑے صاحبزادے نواز شریف اپنے علاج کے لیے اس وقت لندن میں مقیم ہیں جبکہ ان کے چھوٹے صاحبزادے شہباز شریف اس وقت لاہور کی جیل میں ہیں۔

تازہ ترین