مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو اُن کی والدہ کے انتقال کی خبر سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کے اسٹاف نے جیل حکام سے رابطہ کر کے اُنہیں مرحومہ بیگم شمیم اختر کی وفات کی اطلاع دے دی ہے۔
دوسری جانب شہباز شریف کے صاحبزادے اور مسلم لیگ نون کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کو بھی اُن کی دادی کے انتقال کی خبر دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کی خبر کی تصدیق مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان کے ذریعے کی ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پا گئی ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کا انتقال لندن میں ہوا، ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی۔
مرحومہ شمیم اختر کے بڑے صاحبزادے نواز شریف اپنے علاج کے لیے اس وقت لندن میں مقیم ہیں جبکہ ان کے چھوٹے صاحبزادے شہباز شریف اس وقت لاہور کی جیل میں ہیں۔