نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت آج ہوگی

November 24, 2020

ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلب کر رکھا ہے، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے سے قبل عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے کی مدت آج پوری ہو رہی ہے۔ نواز شریف اگر آج کی سماعت میں پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل پر بھی سماعت ہو گی۔

اسی عدالت میں نواز شریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا میں اضافے کے لیے نیب کی اپیل بھی آج سماعت کے لیے مقرر ہے۔

نواز شریف کی عدم حاضری کی صورت میں انہیں اشتہاری قرار دے کر جائیداد ضبطی کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی تحقیقات کے لیے دائر درخواست پر بھی سماعت اسی بینچ میں ہو گی۔