پاکستان اور ترکمانستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارت کو فروغ دیں‘سرحد چیمبر

November 25, 2020

پشاور ( لیڈی رپورٹر )سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے صدر شیر باز بلور نے پاکستان اور ترکمانستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک دو طرفہ تجارت کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے مشترکہ کوشش کریں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کر کے ملکی معیشت کو مستحکم اور تجارتی حجم میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان میں تعینات ترکمانستان کے سفیر (Atadjan Molamov) سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی‘ نائب صدر جنیدالطاف اور چیمبر کے سابق صدر فیض محمدفیضی بھی موجود تھے۔ سرحد چیمبر کے وفد اور ترکمانستان کے سفیر کے مابین باہمی تجارت کے فروغ‘ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو مشترکہ کوششوں سے دورکرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ شیر باز بلور نے اس موقع پر تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان کے ذریعے پاکستانی منڈیوں تک رسائی کے لئے ترکمانستان کوششیں کریں جہاں پر گوادر اور کراچی بندرگاہیں موجود ہیں جس سے زیادہ سے زیادہ اپنی ایکسپورٹ کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔