ایران نے امریکا کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا عندیہ دیدیا

November 26, 2020

تہران(جنگ نیوز )ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ٹرمپ کے دور صدارت سے پہلے والے تعلقات کی بحالی کے خواہش مند ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر حسن روحانی نے ٹیلی وژن پر خطاب میں کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ٹرمپ کے دور صدارت سے پہلے والے تعلقات کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اگر نومنتخب جوبائیڈن تعلقات میں بہتری کے لیے عزم دکھاتے ہیں تو ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دونوں ممالک 20 جنوری 2017 کے تعلقات پر واپس جاسکتے ہیں۔نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن بھی انتخابی مہم کے دوران ایران سے مسائل کے حل کا عندیہ دے چکے ہیں جب کہ 2018 میں صدر ٹرمپ کے عالمی جوہری معاہدے سے علیحدگی کے عمل کی بھی مذمت کی تھی۔جوبائیڈن نے اپنی کابینہ کے اکثریتی رکن وہ منتخب کیے ہیں جو خارجہ پالیسیوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔