وزیر اعظم کی اپنا گھر بنانے کیلئے قرض لینے والوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالنے کی ہدایت

November 26, 2020


وزیر اعظم نے اپنا گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر بینک قرضے لینے والوں پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالنے کی ہدایت کردی جبکہ انھوں نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سروسز کے لیے این او سیز اور ان کا حصول بھی آسان بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا۔

اس اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، معاونین خصوصی شہباز گِل اور زلفی بخاری بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ سرکاری عہدیداران نے بھی شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں سے چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آن لائن طریقہ کار سے صارفین کے لیے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی اے نے اسٹیٹ بینک کے ساتھ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے طے پانیوالے باہمی تعاون سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دلچسپی رکھنے والے درخواست گزاروں کے حوالے سے اتھارٹی ضروری معلومات بینکوں کو مہیا کرے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں بجلی کی کوئی کمی نہیں، اس لیے نئے کنکشنز دینے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس ضمن میں این او سیز اور منظوری کے طریقہ کار کو سہل بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد بے گھر افراد کو اپنی چھت مہیا کرنا ہے، تاہم اپنا گھر بنانے کے لیے آسان شرائط پر قرضے لینے والوں پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔