تنخواہوں اور پینشن کا موجودہ نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا، مشیر خزانہ

November 26, 2020

وزیر اعظم کے مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تنخواہوں اور پینشن کا موجودہ نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت پے اینڈ پینشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں چیئرپرسن پے اینڈ پینشن کمیشن نرگس سیٹھی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

اس دوران وزیراعظم کے مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ تنخواہوں اور پینشن کا موجودہ نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ تنخواہوں، پینشن کے موجودہ نظام سے حکومتی اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تنخواہوں اور پینشن کے نظام کی بہتری کے لیے مشاورت کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ پے اینڈ پینشن کمیشن نظام کی بہتری کے لیے سفارشات پیش کرے، حکومت کمیشن کی رپورٹ سے قبل بھی سفارشات پر غور کرسکتی ہے۔

اس موقع پر چیئرپرسن پے اینڈ پینشن کمیشن نرگس سیٹھی کا کہنا تھا کہ کمیشن نے اپنے ٹی او آرز طے کرلیے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ حکومتی اداروں سے قابلِ اعتبار اور بروقت ڈیٹا پر انحصار ہے۔