ڈیجیٹل پلیٹ فارم سی پرائم پر لالچ اور دھوکے پر مبنی مختصر فلم ’چمک‘ریلیز

November 27, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ڈیجیٹل پلیٹ فارم سی پرائم پر ایک اوردلچسپ مختصر فلم ’چمک‘ریلیز کردی گئی جولالچ، دھوکہ دہی اور پیسے پر مبنی ہے۔ چمک لالچ کی کہانی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح لالچ انسان کے اندر رچ بس جاتا ہے۔فرح نادر اور لائبہ خان نے ماں بیٹی یعنی شاہدہ اوررجا کے کردار ادا کئے ہیں جو آدمیوں کو ایک فراڈ کی اسکیم میں پھنساتی ہیں۔ آدمی رجا کو پیسے بھیجتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس کی ماں زیر علاج ہے۔اس مختصر فلم کی ایگزیکٹیو پروڈیوسر سیمیں نوید کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو زندہ رہنے کیلئے پیسے کی ضرورت ہے لیکن مسئلہ وہاں پیدا ہوتا ہے جب یہ ضرورت لالچ بن جاتی ہے، ہمیں، بطور انسان، یہ سمجھنا چاہئیے کہ برے کام کاانجام ہمیشہ برا ہوتا ہے”۔منصور سعید کی تحریر اور اسد پٹھان کی ہدایات میں بننے والی اس مختصر فلم کے معاون پروڈیوسر علی حسین اور محب بخاری ہیں۔ فلم کے نمایاں کرداروں میں فرح نادر، یاسر علی خان، لائبہ خان اور حماد خان شامل ہیں۔یہ مختصر فلم ناظرین کے لئے یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔