• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ میرا ذاتی سفر ہے، کسی کی جگہ لینے کیلئے نہیں آیا، نوازالدین صدیقی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی نے مرحوم اداکار عرفان خان کی جگہ لینے یا ان کی کمی پوری کرنے کے حوالے سے باتوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔

ان کا کہا کہ یہ میرا ذاتی سفر ہے، میں کسی کی جگہ لینے کے لیے نہیں آیا، تاہم انھوں نے عرفان خان کو اپنا استاد اور مینٹور قرار دیا۔

بھارتی ریاست اتر پردیشن سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ نوازالدین صدیقی کا شمار بھارتی سنیما کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں انہوں نے بھارتی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور اسکے متوازی سنیما میں ایک مضبوط مقام بنایا ہے۔ 

2020 میں عرفان خان کے انتقال کے بعد بہت سے لوگ انہیں عرفان خان کا جانشین قرار دیتے ہیں، تاہم ایک حالیہ تقریب میں نوازالدین نے اس تصور سے اتفاق نہیں کیا۔

ایک بھارتی میڈیا ادارے کی ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کے دوران نوازالدین صدیقی سے جب اس خلا کو پر کرنے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا میں اپنی کمی کو پورا کرنے آیا ہوں۔ میں کسی اداکار کی جگہ لینے نہیں آیا۔ مجھ میں بہت سی کمزوریاں ہیں اور میں اپنے اندر موجود خلا کو پر کرنا چاہتا ہوں۔ یہ میرا ذاتی سفر ہے۔ میں یہاں کسی کے لیے نہیں آیا۔ میں وہی کرنا چاہتا ہوں جو مجھے کرنا ہے۔

نوازالدین نے مزید کہا کہ ایک فنکار کے لیے خود کو دریافت کرنا اور کرداروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا سب سے اہم چیز ہے۔ ان کے مطابق فنکاروں کو دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے کے بجائے اپنے اندر جھانکنا چاہیے، مجھے معلوم ہے کہ مجھ میں بہت سی کمزوریاں ہیں اور میں کرداروں کے ذریعے ان کا سامنا کرنا چاہتا ہوں۔

یاد رہے کہ نوازالدین اور عرفان خان نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ ان میں فلم لنچ باکس بھی شامل ہے۔ 2013 میں ریلیز ہونے والی ہدایتکار رتیش بترا کی فلم نے کینز فلم فیسوٹل میں کریٹکس ویک ویورز چوائس ایوارڈ جیتا اور 2014 میں بافٹا ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہوئی۔ اس کے علاوہ دونوں نے پان سنگھ تومر اور بائی پاس میں بھی اکٹھے کام کیا۔ 

عرفان خان 2020 میں 53 سال کی عمر میں سرطان سے طویل جدوجہد کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

جہاں تک پروفیشنل محاذ کا تعلق ہے تو نوازالدین صدیقی کو آخری بار نیٹ فلیکس کے کرائم تھرلر رات اکیلی ہے: دی بنسل مرڈرز میں دیکھا گیا۔ اس سال ان کی کئی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں جن میں کورٹ روم ڈرامہ سیکشن  108 اور ہیسٹ تھرلر دی گریٹ اسکیپ فرار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تومباد 2 کی کاسٹ میں بھی شامل  ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید